حیدرآباد۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ملکاجگیری زون نے کرکٹ سٹہ کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے4 افراد کو گرفتار کرلیا جو آن لائن کرکٹ کا سٹہ چلا رہے تھے۔ ایس او ٹی پولیس نے ان کے قبضہ سے 7 لاکھ ایک ہزار روپئے نقد رقم ، 10 موبائیل فون کے علاوہ ایل ای ڈی ٹی وی کو ضبط کرلیا۔ اس موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے بتایا کہ اصل بکی 35 سالہ ایم سائی کمار ساکن اولڈ سفیل گوڑہ 39 سالہ بی کشور بابو ساکن گنٹور،27 سالہ کے سندیپ ساکن سائی ناتھ پورم اور 28 سالہ کشور ساکن گنٹور کو گرفتار کرلیا۔ ایس او ٹی کے مطابق ایک خفیہ اطلاع پر اولڈ سفیل گوڑہ میں کارروائی انجام دی گئی جس کے بعد ایس او ٹی نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے اولڈ سفیل گوڑہ میں دھاوا کیا۔ ٹولی آن لائن کرکٹ پر سٹہ چلارہی تھی۔