حیدرآباد۔/31اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کرکٹ پر سٹہ بازی کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے ٹاسک فورس پولیس نے شہر میں 3 سٹہ بازوں کو گرفتار کرلیا۔ شہر کے علاقہ تکا رام گیٹ اور نارائن گوڑہ علاقہ میں سٹہ بازی کا ریاکٹ چلایا جارہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ 31 سالہ انکت اگروال اپنے ساتھی موہیت اگروال جو عادی سٹہ باز ہے علاقہ تکا رام گیٹ میں واقع ایک مکان میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے انڈیا ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ میچ پر سٹہ بازی کا ریاکٹ چلارہے تھے ۔ اس بات کی اطلاع پر ٹاسک فورس نے وہاں دھاوا کرتے ہوئے مذکورہ دونوں سٹہ بازوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 65 ہزار نقد رقم اور دو موبائیل فون وغیرہ ضبط کرلیا۔ اسی طرح ایک اور کارروائی میں نارائن گوڑہ پولیس نے بھی ٹاسک فورس کی مدد سے ایک اور سٹہ باز کنک اگروال ساکن حیدر گوڑہ نارائن گوڑہ کو گرفتار کرلیا۔ اس کارروائی میں پولیس نے ایک لاکھ 20 ہزار نقد رقم، موبائیل فونس وغیرہ بھی ضبط کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ کرکٹ پر سٹہ بازی کی ٹولی کا سرغنہ امیت اگروال ہے جو مہاراشٹرا کے ناگپور کا متوطن ہے اور سوشیل میڈیا کے ذریعہ سٹہ بازی چلا رہا ہے۔ گرفتار سٹہ بازوں کو متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کے حوالے کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ب