کرکٹ کٹس کو نذرآتش کردیں؟

   

زمبابوے کے آل راؤنڈرسکندررضا کا استفسار
ہرارے ۔20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی کی جانب سے حکومتی مداخلت کے پیش نظر زمبابوے کرکٹ کی معطلی پر سکندر رضا سمیت تمام کرکٹرز صدمے سے دوچار ہیں جنہوں نے اپنے کیریئرزکو تاریک دیکھتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ کیا وہ اپنی کٹس جلا کر نئی ملازمتوں تلاش کریں کیونکہ آئی سی سی اپنے قواعد کا اطلاق ضرور کرے لیکن انہیں کرکٹ سے تو محروم نہ کیا جائے کیونکہ پابندی کے نتیجے میں زمبابوے کے تمام کھلاڑی آئی سی سی ایونٹس میں شرکت سے محروم ہو چکے ہیں۔ سکندر رضا نے کہا کہ گورننگ باڈی نے جو فیصلہ کیا وہ اس کی گہرائی میں جائے بغیر صرف یہی کہنے پر اکتفا کریں گے کہ ایک فیصلے نے زمبابوے کو عالمی کرکٹ میں اجنبی بنا دیا اور ملک کے تمام صف اول کے کھلاڑی بیروزگار ہوگئے ہیں۔ پاکستان میں ایرفورس کالج سے تعلیم حاصل کرنیوالے سافٹ ویر انجینئر سکندر رضا نے زمبابوے منتقلی کے بعد کرکٹ کو بطور پیشہ اپنایا لیکن بدقسمتی سے زمبابوے حکومت کی جانب سے کرکٹ میں مداخلت کے بعد کرکٹرز مایوسی کے اندھیروں میں ڈوب گئے ہیں جبکہ کوچنگ عملہ کے علاوہ گراؤنڈز میں کام کرنے والے دیگر افراد کو بھی اپنے مستقبل کا کوئی علم نہیں ہے۔