لاہور۔18جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان کی ہندوستان کے خلاف شکست کا بدلہ ہندوستانی باکسر سے لینے کا اعلان کردیا ہے۔ باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان ٹیم کو فٹ اور مضبوط رہنے کے مشورے دے کر خوشی ہوگی، وہ ٹیم کو یہ بھی بتائیں گے کہ کیسا کھانا کھانا ہے، ڈائٹ کیسی ہونی چاہیے اور ٹریننگ کیسے کرنی ہے۔ عالمی شہرت یافتہ باکسر نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم میں صلاحیت موجود ہے لیکن انہیں مزید بہتری اور حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ عامر خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی ہندوستان کے خلاف شکست کا بدلہ وہ حریف باکسر نیرج گویت سے لیں گے اور 12 جولائی کو سعودی عرب میں ہونے والے اس باکسنگ مقابلے میں حریف ہندوستانی باکسر کو ناک آؤٹ کریں گے۔ واضح رہے کہ عامر خان نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو بھی یہ مقابلہ دیکھنے کی دعوت دے رکھی ہے۔