ممبئی : انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں شمار ہونے والے 40 سالہ مہندر سنگھ دھونی کرکٹ کے بعد اب اداکاری کے میدان میں نظر آئیں گے۔ مہندر سنگھ دھونی نے اگست 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے شوبز انڈسٹری میں کام کرنے کا اشارہ دیا تھا۔ایم ایس دھونی اب تک درجنوں اشتہارات میں ماڈلنگ کرتے دکھائی دیے ہیں اور وہ چند بڑے انٹرٹینمنٹ منصوبوں کا حصہ بھی رہے ہیں مگر اب جلد ہی وہ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔جی ہاں، ایم ایس دھونی نے اپنی پروڈکشن کمپنی کے بیانر تلے جاسوس اینیمیٹڈ ویب سیریز بنانے کا اعلان کردیا، جس میں وہ خود بھی ایک جاسوس کے طور پر دکھائی دیں گے۔اخبار’دی ہندو‘ کے مطابق ایم ایس دھونی اور ان کی اہلیہ ساکشی سنگھ دھونی کی جانب سے بنائے گئے پروڈکشن ہاؤس نے تصدیق کی ہیکہ سابق کرکٹر جلد ایکشن میں دکھائی دیں گے۔رپورٹ کے مطابق مہندر سنگھ ’دھونی پروڈکشن‘ اور ’بلیک وائٹ اورینج برانڈز بی ڈبلیو او‘ مشترکہ طور پر اینمیٹڈ جاسوس ویب سیریز بنائیں گے، جس کا پہلا سیزن 2022 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق سیریز کا نام ’کیپٹن 7‘ ہوگا، کیوں کہ ’7‘ کے ہندسے کی ایم ایس دھونی شرٹ پہنتے تھے اور سیریز میں ممکنہ طور پر ان کی ‘اسپورٹس جرنی’ بھی دکھائی جائے گی۔