بھارت کے تیز گیند باز محمد سراج کی گیندبازی میں کافی بہتری نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے پچھلے دنوں جو محنت کی ہے اس کا اثر کل کے مقابلے میں دیکھنے کو ملا، ایک تو وہ چار وکٹ لے کر پلیئر آف دی میچ بنے، تو دوسری طرف اتوار کو ڈبل ہیڈر کے تحت ایم اے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے مقابلے میں سراج نے دنیا کے سب سے بہترین بلے بازوں میں سے ایک جوس بٹلر کو ایسے آوٹ کیا کہ اس بلے باز کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں۔ اور ان کے اس کارنامے کو دیکھ کر کمنٹیٹر باکس میں بیٹھے سابق کھلاڑیوں کا منہ بھی کھلا رہ گیا جنہوں نے سراج کی اسکریمبل سیم کو دیکھا۔ اس طرح کی سیم میں پیسر گیند کو اس طرح سے پکڑتا ہے کہ نہ تو سیم سیدھی رہے اور نہ ہی گیند کراس طریقے سے پکڑے۔ جیسا کہ آپ سمجھ سکتے ہیں کہ انگریزی کے لفظ اسکریمبل کا مطلب لڑکھڑانا ہوتا ہے، تو گیند کی سیم بالر کے ہاتھ سے چھوٹنے کے بعد سلائی سے ایک دم گھیرا بناتے ہوئے نہیں بلکہ لڑکھڑاتے ہوئے جاتی ہے، اور بلے باز چکمہ کھا جاتے ہیں۔