کریمنگر میں 108ایمبولنس عملہ نے تین دن کے بچہ کی جان بچائی

   

حیدرآباد: ضلع کریم نگر میں 108ا یمبولنس کے اسٹاف نے تین دن کے بچہ کی جان بچائی جس کی مختلف گوشوں سے ستائش کی جارہی ہے ۔ یہ بچہ دل کے مرض کا شکارتھا۔سی پی آرطریقہ کار کے تحت اس بچہ کے دل کو دباتے ہوئے اس کی دھڑکن کا احیا کیاگیا۔ سجاتا نامی خاتون نے تین دن پہلے لڑکے کو جنم دیا تاہم اس کی صحت کے خراب ہونے پر اس نوزائیدہ کو منگل کو کریم نگر کے سیول اسپتال لایاگیا۔اس کی حالت تشویشناک ہونے پر اس کو ڈاکٹرس نے ورنگل کے اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت دی۔ ایمبولنس میں اس نوزائیدہ کو ورنگل منتقل کیاجارہا تھا کہ اس کے دل کی دھڑکن اچانک رک گئی جس کے بعد ایمبولنس کے اسٹاف کے دو ارکان نے سی پی آرطریقہ کار کے مطابق اس کے دل کو دباتے ہوئے اس کی دھڑکن کا احیا کیا ۔