ٹورنٹو : کینیڈین پولیس نے لاپتہ ہونے کے بعد مردہ پائی گئیں بلوچ سیاسی کارکن کریمہ بلوچ کی موت کو ’نان کریمنل‘ (غیر مجرمانہ) قرار دے دیا۔بلوچستان سے تعلق رکھنے والی کریمہ بلوچ جو کریمہ محراب کے نام سے بھی جانی جاتی تھی وہ اتوار کو ٹورنٹو کے ڈاؤن ٹاؤن واٹر فرنٹ ایریا سے لاپتہ ہوگئی تھیں۔کریمہ بلوچ تقریباً 5 سال سے جلاوطنی میں کینیڈا کے شہر میں رہ رہی تھیں۔پیر کو پولیس نے بتایا تھا کہ کریمہ بلوچ کی لاش ملی، بعد ازاں منگل کو ٹورنٹو پولیس سروس کا کہنا تھا کہ وہ کریمہ بلوچ کی موت کی تحقیقات کے حوالے سے ’کمیونٹی اور میڈیا کے بے انتہا دلچسپی‘ سے باخبر تھی۔اپنی ٹوئٹ میں ٹورنٹو پولیس کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ہم نے تصدیق کی کہ پیر 21 دسمبر کو ایک 37 سالہ خاتون مردہ پائی گئیں‘۔پولیس نے کہا کہ ’حالات کا جائزہ لیا گیا اور افسران نے یہ تعین کیا کہ یہ ایک غیر مجرمانہ موت ہے اور اس میں کسی سازشی کھیل کا شبہ نہیں‘، مزید یہ کہ خاتون کے اہل خانہ کو تحقیقات سے متعلق آگاہ کردیا گیا۔