کیف: یوکرین کا کہنا ہیکہ اس نے کریمیا میں روس کے فضائی میزائلوں کے ایک دفاعی نظام کو کامیابی سے نشانہ بنایا جبکہ ماسکو کے مطابق یوکرینی فوج کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ کیف حکومت نے حالیہ عرصے میں بحیرہ اسود میں واقع جزیرہ نما کریمیا پر اپنے حملوں میں اضافہ کیا ہے۔ روس نے 2014 میں اس علاقے پر قبضہ کرتے ہوئے اسے غیر قانونی طور پر روس کے ساتھ ضم کر لیا تھا۔روسی کی طرف سے یوکرین پر جنگ مسلط کرنے کے بعد جہاں یوکرینی فورسز اپنے سرحدوں کا دفاع کر رہی ہیں، وہیں اب انہوں نے کریمیا کو واپس لینے کی خاطر بھی کوششیں شروع کر رکھی ہیں۔ اس لیے کریمیا میں روسی فوجی اہداف پر یوکرینی حملوں میں تیزی لائی گئی ہے۔یوکرینی فوج کے اسٹریٹجک کمیونیکیشن یونٹ نے سوشل میڈیا پر بتایا ہیکہ اس کی مسلح افواج نے مقبوضہ کریمیا کے مغربی ساحل پر فضائی دفاعی نظام کی ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنایا۔