جدہ ۔ عالمی شہریت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے بعد ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی کریم بینزیما بھی سعودی فٹبال کلب میں شامل ہوگئے ہیں۔ فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما نے 648 میچ کھیل کر 14 سال بعد ہسپانوی فٹبال کلب ریئل میڈرڈ کو خیرباد کہنے کے بعد سعودی فٹبال کلب الاتحاد کے ساتھ معاہدہ طے کرلیا ہے۔اس حوالے سے الاتحاد کے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شائع کی گئی ہے، جس میں کریم بینزیما کو سعودی فٹبال کلب کے ساتھ 2026ء تک کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔اس ویڈیو کے آخر میں فرانسیسی اسٹرائیکر نے عربی زبان میں سعودی فٹبال کلب الاتحاد میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔اْنہوں نے کہا کہ میں آپ کو جدہ میں دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔یادرہیکہ رونالڈو کے بعد ان کے حریف میسی کے سعودی عرب آنے کی خبریں بھی سرخیوں میں رہی ہیں۔