معیار کی برقراری پر زور ، انجینئیرس و عہدیداروں کے اجلاس سے کلکٹر کا خطاب
کریم نگر۔مونسپل کارپوریشن کے زیر قیادت انجام دئے جارہے اسمارٹ سٹی کے کاموں کو معیار کی براقراری کے ساتھ جلد از جلد مکمل کرنے کی ضلع کلکٹر کریم نگر کے.ششانکا کی متعلقہ عہدیداران کو ہدایت دی۔ بروز منگل کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں میئر ، میونسپل کمشنر،میونسپل انجینئروں، ٹاؤن پلاننگ عہدیداران و کنسلٹنٹ کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈور اسٹیڈیم کے کاموں کو جلدازجلد مکمل کیاجائے اور اسمارٹ سٹی کے زیر التواء کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی وغیر مجازی تعمیرات جوسڑکوںکی تعمیرکے ماسٹر پلان کے مطابق نہیں ہیں،ان کی نشاندہی کی جائے۔60 فٹ سڑک پر 58 فٹ سے زائد بالکنی کی موجودگی پر انہیں منہدم کیا جائے۔ سڑکوںکی تعمیر میں معیار کی برقراری کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ ڈرینج،بجلی کے کھمبوںکی منتقلی کے کاموںکو جلد از جلد مکمل کریں۔ عوام کو پینے کے پانی کی وافر مقدار دستیاب کی جائے۔ انہوں نے انجینئروں و کنٹراکٹروں کو سڑک تعمیری سائیٹ پر راست طور پر موجود رہنے اور کاموں کے جائزے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایجنسی اور کنٹراکٹروں کے ہمراہ اسمارٹ سٹی کے کاموں کی پیشرفت سے آگاہی کے لئے ہفتہ میں ایک دفعہ اجلاس کا انعقاد کرتے ہوئے زیر التوا کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی جائے۔۔ انہوں نے مونسپل کمشنر سے کہا کہ اگر مقررہ ڈیڈ لائن تک اسمارٹ سٹی کے کام مکمل نہیں ہونے کی صورت میں ایجنسیوں کو نوٹس جاری کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ اسمارٹ سٹی کاموں میں زیر تعمیر سڑکوں اور ڈرینیج کے کاموں کی تکمیل کے متعلقہ تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے اور شہر کریم نگر کو خوبصورت شہر میں تبدیلی کیلئے آغاز کردہ تعمیری کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اس اجلاس میں مئیر سنیل راؤ ،مونسپل کمشنر کرانتی ، اسسٹنٹ کلکٹر انکیت ،مونسپل انجینئروں ،ٹاؤن پلاننگ عہدیداران ،کنسلٹنٹ، و یگر نے شرکت کی۔