کمشنر بلدیہ وینوگوپال ریڈی کا پریس کانفرنس سے خطاب
کریم نگر ۔ 15 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : کریم نگر محکمہ بلدیہ کارپوریشن کے کاموں میں تیزی پیدا کی جاکر اسے ایک مثالی کارپوریشن میں تبدیل کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار نئے کمشنر محکمہ بلدیہ جی وینو گوپال ریڈی نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر کی ایک شاندار تاریخ ہے ۔ اسے آگے لے جانے کے لیے متحدہ طور پر ٹیم ورک اور عزم مصمم کے ساتھ کام انجام دیتے ہوئے ایک مثال قائم کریں گے ۔ ریڈی نے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد ایک پریس کانفرنس منعقد کی اور صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 6 ماہ سے جاری ضابطہ اخلاق کے نفاذ کی وجہ سے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا ہوئی ۔ اب قاعدے کے مطابق کاموں کا آغاز کیا جائے گا اور سابق کی طرح ’ ہیلو کمشنر فون ۔ ان ۔ پروگرام ‘ شروع کیا جائے گا ۔ پلاسٹک کے استعمال پر امتناع کے معاملہ میں خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ سوچھ سرویکشن کے رینک میں بہتری کے لیے مزید کوشش کی جائے گی ۔ مزدوروں کے مسائل کو حل کیا جائے گا ۔ آپ کے مسائل کی یکسوئی کے لیے ہر ہفتہ ’ گریوینس سیل ‘ قائم کر کے شکایتوں کی سماعت کی جائے گی ۔ ریڈی نے مزید کہا کہ کنٹراکٹرس بغیر تساہل اور غفلت کے فرض شناسی کے ساتھ کام کریں۔ سٹیزن چارٹر پر زیادہ توجہ کر کے پورے کام کروائے جائیں گے ۔ اس پریس کانفرنس میں ایس ای بھدریا ، ڈپٹی کمشنر سواروپا ، ایڈیشنل کمشنر راجندر کمار بھی شریک تھے ۔۔