حیدرآباد ۔ 16 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : صدر ٹی آر ایس اور چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کل بروز اتوار کریم نگر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کریں گے ۔ کریم نگر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا مضبوط گڑھ ہے ۔ 2001 میں ٹی آر ایس کے قیام کے بعد سے ہی کے چندر شیکھر راؤ کریم نگر سے نمائندگی کررہے ہیں ۔ اس سے پہلے انہوں نے یہاں سے لوک سبھا میں نمائندگی کی تھی ۔ چندر شیکھر راؤ کو ٹی آر ایس کا اسٹار مہم جو لیڈر سمجھا جاتا ہے ۔ کے سی آر کے فرزند اور ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے لوک سبھا انتخابات کے لیے پارٹی کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور وہ سلسلہ وار جلسوں سے خطاب بھی کررہے ہیں ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مرکز میں نہ تو این ڈی اے اور نہ ہی یو پی اے اپنے بل پر حکومت بنائے گی ۔ ان گروپس کو علاقائی پارٹیوں سے مدد لینی پڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں حکومت بنانے کے لیے ہر ایم پی کی اہمیت ہے ۔ ٹی آر ایس کے 16 ارکان لوک سبھا منتخب ہو کر مرکز میں تلنگانہ کی آواز بن جائیں گے ۔۔