!کریم نگر میں ایل کے جی طالبہ کا نام فہرست رائے دہندگان میں

   

کریم نگر ۔ 7 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز): نوجوانوں کو سیاسی عمل کا حصہ بنانے اور ہندوستان میں ان کی رائے معلوم کرنے کے لیے 1988 میں دستور میں 61 ویں ترمیم کرتے ہوئے ووٹ دینے کے حق کے لیے عمر کو 21 سال سے کم کرتے ہوئے 18 سال کردیا گیا ۔ تاہم ، کریم نگر کے الیکشن عہدیداروں نے ایک تین سالہ لڑکی کو ووٹ دینے کا حق دیا ہے تاکہ وہ آنے والے بلدی انتخابات میں اس کے حق رائے دہی سے استفادہ کرے ۔ اس کے علاوہ فہرست رائے دہندگان میں اس کی عمر 35 سال بتائی گئی ، ووٹر آئی ڈی نمبر (Yo)8588352) بھی جاری کیا گیا ۔ کریم نگر ٹاون میں ماروتی نگر کی ساکن ایم سری نندیتا ، بھارتیہ ودیا کیندرا ہائی اسکول میں ایل کے جی میں زیر تعلیم ہے ۔ حالانکہ وہ ایک کے جی کی لڑکی ہے اس کی عمر 35 سال ظاہر کی گئی اور اس لڑکی کی ایک سال کی عمر میں لی گئی تصویر فہرست رائے دہندگان میں پرنٹ کی گئی ہے ۔ اس لڑکی کے والد ایم رمیش کو ووٹر لسٹ میں ان کی بیٹی کا نام دیکھ کر بڑی حیرت ہوئی ۔ فہرست رائے دہندگان میں ناموں ، تحفظات ، زمروں ، عمر اور مقامات کے تعلق سے کئی غلطیاں ہوئی ہیں ۔ اس دوران اپوزیشن جماعتوں نے الزام عائد کیا کہ عہدیداروں نے غلطی سے فہرست میں کئی ایس سی کو بی سی اور بی سی کو ایس ٹی ووٹرس درج کیا ہے ۔۔