کریم نگر میں تحصیل آفس اسٹاف اور کمپیوٹرس کو نذر آتش کرنے کسان کی کوشش

,

   

کریمنگر 19 نومبر (پی ٹی آئی) حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ عبداللہ پور پیٹ میں چند دن قبل ایک برہم کسان کے ہاتھوں ایک خاتون تحصیلدار کو پٹرول چھڑک کر زندہ جلائے جانے کے واقعہ کے چند ہفتے بعد پیر کو ضلع کریم نگر کے دفتر تحصیلدار میں ایک کسان پٹرول کے ڈبہ کے ساتھ داخل ہوگیا اور وہاں موجود افراد،ف رنیچر اور کمپیوٹرس پر پٹرول چھڑک کر نذر آتش کرنے کی کوشش کی لیکن اس سے پہلے ہی پولیس نے اُس کو روک دیا۔ اسسٹنٹ پولیس کمشنر (کریم نگر رورل) وجئے سارادھی نے کہاکہ لمباڑی پلی گاؤں کا کسان بیرا کنکیا پٹرول کے ایک ڈبے کے ساتھ دفتر میں داخل ہوا وہاں موجود افراد کے علاوہ کمپیوٹرس پر پٹرول چھڑکنا شروع کردیا۔ جس کے فوری بعد سینئر اسسٹنٹ چٹم پلی رامچندر راؤ، ولیج ریونیو آفیسر نرسیا، ولیج ریونیو اسسٹنٹ انیتا اور آفس سب آرڈینیٹ دیویا کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی۔ تاہم اسٹاف نے فی الفور اُس کو روک دیا۔ پولیس نے کہاکہ کنکیا کو تحویل میں لیا جاچکا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے کہاکہ کنکیا شائد اپنے مسائل حل نہ کئے جانے پر برہم تھا۔ واضح رہے کہ قبل ازیں پیش آئے واقعہ میں 30 سال سے زائد عمر کی تحصیلدار وجیا ریڈی اپنے دفتر میں ایک کسان کی طرف سے زندہ جلائے جانے کے سبب برسر موقع فوت ہوگئی تھیں اور اُنھیں بچانے کی کوشش میں اُن کے اسٹاف کے دو ارکان اور ایک ڈرائیور زخمی ہوگیا تھا۔