کریم نگر۔ بروز منگل مقامی ایس آر آر کالج میں میاجک بس انڈیا فاؤنڈیشن کے زیر قیادت میگا جاب میلے کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کریم نگر آر وی کرنن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاب میلے سے طلبا استفادہ کریں۔ ہر طالب علم کو ملازمت کے موقع فراہم کئے جائیں۔ انجام دی جارہی نوکری سرکاری ہے یا خانگی اس پر توجہ دینے کے بجائے محنت پر توجہ مرکوز کریں۔ ملازمت کا موقع دستیاب ہونے پر جستجو و لگن کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ تعلیم کی مکملی کے بعد والدین پر منحصر ہونے کے بجائے موقع سے استفادہ کی ضلع کلکٹر نے صلاح دی۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کو مواقع کی فراہمی کے مقصد سے کریم نگر وارادھی سوسائٹی کے ذریعہ جاب میلے کے انعقاد کے لئے انتظامات کئے گئے۔ امیدواروں کو اہلیت کے مطابق روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ ایس آر آرکالج پرنسپل ڈاکٹر راما کرشنا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈگری مکمل کرچکے امیدواروں کے لئے تقریا 20 ملٹی نیشنل کمپنی کے انٹرویو کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے طلبا کو اس موقع سے استفادہ کی خواہش کی۔ اس اجلاس میں تلنگانہ اسکیل ڈویلپمنٹ نالج سنٹر ، ملٹی نیشنل کمپنی نمائندوں شیکھر بابو ، لکشمی نرسیا ، وینکٹ نرسیا ، کالج این سی سی عہدیدار راجو ودیگر نے شرکت کی۔