کریم نگر میں جماعت اسلامی کی 10روزہ مہم جاری

   

کریم نگر : شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند کی جانب سے ملک گیر سطح پر’’ مضبوط خاندان مضبوط سماج ‘‘ دس روزہ مہم 19تا 28 فبروری چلائی جارہی ہے ۔ اس خصوص میں محترمہ اسماء فردوس کنوینر مہم منگما ٹوٹا ، محترمہ سمیہ لطیفی صاحبہ کو کنوینر مہم ، صادقہ بیگم کنوینر مہم مکرم پورہ ، محترمہ بقیت رضوانہ صاحبہ کنوینر مہم کارخانہ گڈا ، محترمہ عائشہ نجمہ ضلعی ناظمہ ، محترمہ معراج لطیفی ، محترمہ فرزانہ ، محترمہ شاہدہ خاتون ، محترمہ رحمت النساء کے علاوہ مس رمیضہ فاطمہ صدر جی آئی او تلنگانہ نے شرکت کی ۔ محترمہ اسماء فردوس نے میڈیا سے کہا کہ خاندان انسانی سماج کا بنیادی اور اہم حصہ ہے ۔ خاندانی نظام کو بحسن خوبی چلانے کیلئے افراد خاندان کے درمیان خوشگوار باہمی تعلقات بیحد ضروری ہے ۔ دوسری طرف سماج کا بنیادی ڈھانچہ اور اس کی قوت کا انحصار اس بات پر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جس اقدار پر اس ادارہ کو قائم فرمایا ہے اس پر کس حد تک عمل ہورہا ہے ۔ اسلام نے خاندان اور خاندانی نظام کے قیام اور استحکام پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج نہ صرف ہمارے ملک بلکہ پوری دنیا میں خاندان اور خاندانی نظام کو جو انتشار اور ٹوٹ پھوٹ جاری ہے اس نے فکرمند لوگوں کو سوچنے اور اس کا حل تلاش کرنے پر مجبور کردیا ہے ۔ معاشرہ کے ان ہی مسائل اور خاندانی نظام کو لاحق خطرات کو محسوس کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے شعبہ خواتین نے مضبوط خاندان مضبوط سماج دس روزہ مہم ملک گیر سطح پر چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کے ذریعہ جماعت کوشش کرے گی کہ مسلم معاشرہ میں قرآن و سنت کی تعلیمات کے حصول کا جذبہ اور ان پر عمل کا شعور بیدار ہو ، اسلامی اخلاق و کردار کی بنیاد پر شخصیت سازی کا رجحان پیدا ہو ، امت کو امر بالمعروف ونہی عن المنکر کے فریضہ کی ادائیگی کیلئے تیار کیا جائے ۔