کریم نگر میں دلخراش سڑک حادثہ، دو طالب علم ہلاک

   

دو شدید زخمی، تیز رفتار بے قابو کار نے ٹھہری ہوئی لاری کو ٹکردیدی، خاندان مجسم غم

کریم نگر۔ 3 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر شہر کے مضافات میں بائی پاس روڈ پر نصف شب کو پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثہ میں دو نوجوان موقع واردات پر ہی جاں بحق ہوگئے جس پر مقامی عوام میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی جبکہ پورے خاندان پر سکتہ طاری ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کا شکار سبھی نوجوان بذریعہ کار بومکل بائی پاس روڈ کے پاس جارہے تھے کہ اس دوران ان کی تیز رفتار اور بے قابو کار نے بومکل فلائی اوور کے قریب کھڑی لاری کو ٹکر مار دی۔ اس حادثہ میں عظمت پورہ کریم نگر کے رہنے والے سید حسین ریان ولد سید ارشد حسین گورنمنٹ ٹیچر (21 سال) اور سید عبدالرحمن حمزہ ولد سید عبدالحکیم اختر (19 سال) موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ایک اور نوجوان عدنان شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا۔ اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ایک اور نوجوان زخمی ہے جو زیر علاج ہے۔ تصادم کی شدت کے باعث کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا اور کارروائی کی تکمیل کے بعد نعشوں کو ورثہ کے حوالے کردیا۔ واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ مہلوک نوجوانوں کی نماز جنازہ اسلمی مسجد میں سینکڑوں سوگواران کی موجوگی میں ادا کی گئی جبکہ تدفین سواران قبرستان میں عمل میں آئی۔ بتایا جاتا ہیکہ حادثہ کے شکار دونوں مہلوک طالب علم اور زخمی طلبہ اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے تھے۔