کریم نگر میں روزنامہ سیاست کا 75 سالہ جشن شاندار مزاحیہ مشاعرہ

   


’’کامیڈی شو و صوفی میوزک‘‘پروگرام کی پیشکش
حیدرآباد۔5 نومبر (سیاست نیوز) ادارۂ سیاست کی جانب سے مختلف نوعیت کے تفریحی پروگرامس پیش کئے جاتے ہیں جس کے ذریعہ شائقین کو منفرد انداز کے پروگراموں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملتا رہا ہے ۔ روزنامہ سیاست کی 75 ویں سالگرہ کے جشن کے ضمن میں مختلف پروگرامس کا اہتمام کیا جارہا ہے چنانچہ ہفتہ 12 نومبر شام 7 بجے کریم نگر کے ایس ایف ایس گارڈن ، رضوی چمن پر سیاست کی 75 ویں سالگرہ کو یادگار بنانے کیلئے شاندار مزاحیہ مشاعرہ ، کامیڈی شو و صوفی میوزک‘‘ کے زیرعنوان ایک تہذیبی پروگرام منعقد کیا جارہا ہے جو اُردو زبان کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو دکنی زبان کی چاشنی سے واقف کروانے میں معاون ثابت ہوگا۔حیدرآبادی مزاحیہ شعراء اپنے منفرد کلام اور اپنے منفرد انداز کی وجہ سے ساری دنیا میں الگ پہچان بنائی ہیں۔ نامور شعراء وحید پاشاہ قادری ، لطیف الدین لطیف ، معین امر بمبو ، ٹپیکل جگتیالی اپنا مزاحیہ کلام سنائیں گے۔ منور علی مختصر ناظم مشاعرہ ہوں گے۔ حیدرآباد کے نامور مزاحیہ فنکار شبیر خاں (ہری سنگھ) شہرت یافتہ مشہور کلام ’’ہو رے‘‘ سنائیں گے ۔ صوفی گلوکار عمران خان نوجوانوں کے پسندیدہ گلوکار سمجھے جاتے ہیں۔ عمران خاں اپنی گائیکی سے تمام بالی ووڈ کے سنگرس کے نغمے گاکر سماں باندھ دیتے ہیں جبکہ مزاح کو پسند کرنے والے شائقین ہر جگہ پائے جاتے ہیں کیونکہ مزاح ہی تلخیوں کو دور کرکے ایک تھکے ماندھے ذہن کو تر و تازہ کردیتا ہے ۔ مزاح کی چاشنی ہر طبقہ اور ہر عمر کے فرد کو لطف دے جاتی ہے۔ حیدرآباد کے نامور مزاحیہ فنکارشبیر خاں، شبن خاں ، کے بی جانی اور ذوفی مرزا کے ہمراہ کامیڈی کے کئی شاہکار ائٹمس بھی پیش کریں گے۔خوشگوار موسم میں سریلی موسیقی اور مزاح کی چاشنی شاندار مزاحیہ مشاعرہ کے ذریعہ تھکے ماندے ذہنوں کو تسکین پہنچائے گی اور جب صوفی میوزک دلفریب دھنوں پر بہترین کلام پیش کیا جائے تو شام سہانی اور رنگین بنے گی چنانچہ ہفتہ 12 نومبر شام 7 بجے کریم نگر کے ایس ایف ایس گارڈن ، رضوی چمن میں شائقین یہ پروگرام مکمل آرکسٹرا کے ساتھ ڈالبی ڈیجیٹل ساؤنڈ کے ساتھ اس پروگرام کا لطف لے سکیں گے۔ کوآرڈینیٹر کے بی جانی کے بموجب شائقین کیلئے داخلے کی عام اجازت رہے گی۔ بحیثیت مہمان خصوصی جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست شرکت کریں گے۔