کریم نگر میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کا وعدہ پورا کریں

   

ٹی این ایس ایف کا مطالبہ اور احتجاجی دھرنا،ایڈیشنل کلکٹر کو یادداشت
کریم نگر۔ کریم نگر میں سرکاری میڈیکل کالج کا قیام فوری عمل میں لایا جائے اور اسی کے ساتھ سرکاری دواخانہ کو نمس کی طرح ترقی دینے کا وعدہ پورا کریں کے مطالبہ کو لیکر کریم نگر کلکٹریٹ گیٹ کے روبرو ٹی این ایس ایف کی زیرقیادت دھرنا دیاگیا۔ اس موقع پر ٹی این ایس ایف ریاستی جنرل سکریٹری پراوین رویندر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تلنگانہ حکومت کے قیام کے بعد بحیثیت چیف منسٹر کے سی آر نے پہلی مرتبہ کریم نگر کے دورہ پر آتے ہی یہاں میڈیکل کالج کے قیام اور سرکاری دواخانہ کو نمس کی طرح سے ترقی دیتے ہوئے تمام طبی سہولتوں کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔ اب جبکہ سات سال ہوچکے ہیں لیکن کسی بھی قسم کے عصری سہولتوں کے اقدامات کی کوشش بھی نہیں کی گئی ہے اس کی کیا وجہ ہے سوال کیا گیا۔ضلع کریم نگر کے عوام نے بھاری اکثریت سے کامیابی دلائی اب جبکہ ضلع کریم نگر کے لئے چار اضلاع کے وزیر ہیں لیکن کریم نگر ضلع مستقر پر سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کا وعدہ پورا نہیں ہورہا ہے، چاروں وزیر محض اپنے خاندان کی ترقی کیلئے ہی کام کررہے ہیں۔ کریم نگر میں چیف منسٹر سے تعلق رکھنے والے دولت مند خاندانوں کے دو خانگی میڈیکل کالج ہیں اگر سرکاری میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جائے تو ان دو خانگی میڈیکل کالجوں کو نقصان ہوگا شاید اس خیال سے چیف منسٹر کے سی آر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کو چاہیئے کہ اپنے وعدہ کو پورا کریں تاکہ بصورت دیگر پرگتی بھون کا گھیراؤ کرنے کا انتباہ دیا گیا۔ بعد ازاں ایڈیشنل کلکٹر شیام لال پرساد سے ملاقات کرکے ایک یادداشت حوالے کی گئی۔ اس احتجاجی پروگرام میں ٹی این ایس ایف کریم نگر پارلیمنٹ جنرل سکریٹری موتے راجو، تلگو یوتھ ریاستی کونسل رکن روڈا سریدھر ، دیگر سکریٹری ایڈی کرناکر ریڈی، بی ستیش، ایرابلی رویندر، ٹی این ایس ایف قائدین بھانو پروین، واجد، ششی کمار، ہرش راملو، ونٹی ، انجنی، ونیت اور دیگر موجود تھے۔