تین ماہ تک کیلئے پینے کے پانی کا ذخیرہ موجود ، رکن اسمبلی گنگولا کملاکر کا خطاب
کریم نگر ۔ 13 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : کریم نگر کی عوام کو مشن بھگیرتا کے ذریعہ دسہرہ تہوار سے ہر گھر کو روزانہ نلوں کے ذریعہ ینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ یہ بات رکن اسمبلی کریم نگر گنگولا کملاکر نے کہی ۔ کریم نگر کے واحد پینے کے پانی کی سربراہی کا خزانہ آب لوور مانیر ڈیم کی آبی سطح نہایت نیچے گر چکی ہے ۔ جمعہ کو کملاکر نے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ مل کر ایل ایم ڈی کے قریب ، فلٹر بیڈ کا معائنہ کیا ۔ اسی جگہ وینو گوپال ریڈی ، عوامی صحت عامہ کے تحت مشن بھگیرتا آر ڈبلیو ایس ایل اینڈ ٹی عہدیداروں کے ساتھ مشن بھگیرتا کے پانی کی سربراہی پر جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کریم نگر کارپوریشن حدود میں کچھ لوگ گمراہ کن خبر پھیلا رہے ہیں کہ ڈیم میں سطح آب خطرناک حد تک گر چکی ہے جب کہ ڈیم میں 3.4 ٹی ایم سی پانی موجود ہے ۔ پینے کے پانی کی ضرورت کے تحت ڈیم کے پانی کو صاف کر کے سربراہ کیا جارہا ہے ۔ تین تا چار ماہ بارش نہ بھی ہو تو کافی ہوگا ۔ صرف اسے احتیاط سے استعمال کیا جائے ۔ مشن بھگیرتا کے کام انتہائی تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔ ساتا واہانا یونیورسٹی میں پمپ ہاوز مارکفیڈ ریزر وائر کے تعمیری کام مکمل ہوجانے پر اطراف و اکناف میں پانی کی سربراہی کا معاملہ حل ہوجائے گا ۔ اس کے بعد مرحلہ وار 24 گھنٹے پانی کی سربراہی عمل میں آئے گی ۔ اس اجلاس میں کارپوریشن کمشنر وینو گوپال ریڈی ، ایس ای بھدریا ، اے ای دیوچندر ، ای ای ملما ریڈی ، ایل اینڈ آر اسسٹنٹ منیجر بالو ، سابق کارپوریٹرس وائی سومیل راؤ ، ہری شنکر ، رویندر گوڑ ، ملیکا ارجن و دیگر شریک تھے ۔۔
