سڑکوں کے کنارے سبزی و دیگر دکانوں کو فوری ہٹانے کی ہدایت، پولیس خدمات کی ستائش، عوام سے تعاون کی خواہش
کریم نگر: لاک ڈاؤن کی عمل آوری ، راحت کے اوقات میں عوام کی دشواریوں کے متعلقہ راست جائزہ لینے کیلئے بروز ہفتہ ضلع کلکٹر کریم نگر کے . ششانکا ، پولیس کمشنر وی . بی کملاسن ریڈی ، مونسپل کمشنر کرانتی، مئیر سنیل راؤ کے ہمراہ دیگر ضلعی عہدیداران ، عوامی نمائندوں نے ضلع کے متعدد علاقوں کا دورہ کیا ۔ صبح 9 بجے تا 11:30 بجے تک لاک ڈاؤن کی عمل آوری ، اشیائے ضروریہ کی خریدی کیلئے راحت کے اوقات میں باہر آرہے عوام ، فروخت کاروں کو پیش آرہی دشواریوں کا جائزہ لیتے ہوئے حل کے متعلقہ اقدامات کی عہدیداران کوہدایت دی ۔اعلیٰ عہدیداروں نے وینکٹیشورم مندر سے سبزی مارکٹ۔ گنج ، ٹور سرکل، راجیو چوک ، ہفتہ بازار ، تلنگانہ شہیدان کے مجسمہ تک پیدل دورہ کیا ۔ لاک ڈاؤن سے راحت کے اوقات میں عوام کے ہجوم کے مدنظر عارضی طور پر سڑکوں کے کنارے لگائے گئے دکانات کو فوری ہٹوانے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ اولڈ عمارت کے کامپلکس میں موجود چکن ، مٹن مارکٹ کو نئے تعمیر کردہ رعیتو بازار کو منتقل کرنے اقدامات ،قریبی دیہاتوں سے شہر پہنچ کر سڑکوں کے کناروں پر بیٹھ کر فروخت کررہے سبزی و پھلوں کے فروخت کاروں کو رعیتو بازاروں کو منتقل کرنے کی ہدایت دی تاکہ سڑکوں پر ہجوم کو کم کیا جاسکے اور عوام کی دشواریاںحل ہوسکے ۔ اسکے متعلقہ لائحہ عمل کی تیاری کی مونسپل ، مارکٹنگ عہدیداران کو ہدایت دی۔ مارکٹ میں سبزی فروش سے بات کرتے ہوئے عوام کتنے دن کی ضرورت کے سبزی خریدی رہے ہیں ؟ یومیہ خریدی کار کی تعداد کتنی ہے ؟ اسکے متعلقہ جانکاری حاصل کی۔ دریں اثنا ضلع کلکٹر نے تندہی کے ساتھ لاک ڈاؤن کے قواعد پر عمل آوری کیلئے انتھک مشقت کرتے ہوئے خدمات انجام دے رہے محکمہ پولیس کی ستائش کی ۔ صبح 6 تا 10 بجے لاک ڈاؤن سے راحت کے اوقات میں ہی اشیائے ضروریہ کے لئے باہر نکلنے کی عوام سے خواہش کی۔ کورونا انسداد کے مقصد سے عوام کے تحفظ کے لئے حکومت کی جانب سے معیشت میں گراوٹ کے باوجود لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔ کورونا قہر سے تحفظ کے لئے متعدد محکمہ جات کے عہدیداران کی جانب سے انجام دی جارہی خدمات کے مدنظر عوام اپنا تعاون فراہم کریں ، لاک ڈاؤن قواعد پر عمل آوری کرتے ہوئے اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں ایک ذمہ دار شہری کے فرائض انجام دیں۔ کورونا علامتوں کی موجودگی پر تساہلی کے بغیر فوری کورونا تصدیقی جانچ کرائیں۔ معالج کے ہدایات کے مطابق ادویات کا استعمال کریں۔ ضلع سرکاری ہاسپٹل کے علاوہ ،دیگر علاقوں میں کئیر سنٹر قائم کرتے ہوئے سہولیات کی دستیابی کے اقدامات کئے گئے۔ انتہائی ضرورت پر ہی گھروں سے باہر نکلیں ، ملازمین تنقیح کے دوران پولیس سے تعاون کریں لازمی طور پر شناختی کارڈ ساتھ رکھیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی پی ایس سرینواس ، چندراموہن ، پی اشوک ، رتی راج ، سرینواس راؤ ، وجئے کمار ، پرکاش ، راملو ، مارکٹنگ عہدیدار پدماوتی ، زرعی مارکٹ چئیر مین انیتا ، سابق مئیر رویندر سنگھ ودیگر نے شرکت کی۔ کریم نگر کمشنریٹ کے دائرہ اختیار میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات کی تکمیل کے بعد ازاں پولیس نے سواریوں کی تنقیح عمل میں لائی۔ شناختی کارڈ کی عدم موجودگی پر متعلقہ سواریوں کو ضبط ( سیز ) کیا گیا۔ کمشنریٹ کے متعدد صیغوں کے پولیس عملہ نے وفد کی تشکیل دیتے ہوئے متعدد مقامات پر تنقیح عمل میں لائی۔ پولیس کمشنر وی۔بی۔ کملاسن ریڈی نے کہاکہ لاک ڈاؤن اوقات کے آغاز صبح 10 تا اگلے دن صبح 6 بجے تک سواریوں کی تنقیح جاری رہے گی۔