کریم نگر میں کارڈن سرچ پروگرام کا انعقاد

   

ممنوعہ تمباکو اشیاء اور 83 موٹر سائیکلیں ضبط ، کمشنر پولیس
کریم نگر /8 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) انسانی زندگی کو نقصان پہونچانے والی اشیاء کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ان اشیاء کو فروخت کرنے والے یا تجارت کرنے والے افراد کے متعلق پولیس کو اطلاع دیں ۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر پولیس نے کیا اور انہوں نے کہا کہ تمباکو کی اشیاء کی عادت سے عوام کو کینسر جیسے مرض میں مبتلا کیا جارہا ہے ۔ پولیس کارڈن سرچ صبح 5 بجے سے 7.30 بجے تک کریم نگر کے مختلف علاقوں میں کیا ۔ سنتوش نگر بیریا نگر میں ہر گھر اور مشتبہ نظر میں آنے والے مقامات کی چھان بین کی ۔ بعد ازاں کالونی میں منعقدہ پروگرام میں پولیس کمشنر کملاسن ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غیر سماجی عناصر سماج دشمن افراد بدمعاشوں غنڈوں کی سرگرمیوں کے خاتمہ کیلئے کارڈن سرچ ایک ناختم کئے جانے والا سلسلہ وار پروگرام ہے ۔ عوام کی سماجی تحفظ کیلئے کمشنریٹ حدود میں محکمہ پولیس کی جانب سے مختلف قسم کے تعمیراتی طرز کے پروگراموں کو روبہ عمل لایا جارہا ہے اور انہوں نے کہا کہ مکان کرایہ پر دیتے وقت کرایہ دار کی مکمل تفصیلات کی جانکاری حاصل کریں اور قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں اور اسمارٹ فون رکھنے والوں کیلئے بھی پولیس ایپ ڈاون لوڈ کرنے کا مشورہ دیا ۔ راست پولیس اسٹیشن جاکر کوئی بھی شکایت درج کروانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ کسی بھی بات کی تفصیل اس ایپ کے ذریعہ ہمارے علم لائی جاسکتی ہے ۔ بیریانگر سنتوش نگر کے تعاون کے سلسلے میں 50 سی سی کیمرے لگائے جانے کیلئے آگے آنے پر کملاسن ریڈی نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر صحیح کاغذ نہ رکھنے والوں کی 83 موٹر کو ضبط کرلیا اور غیر مجاز طور پر رکھے ہوئے ممنوعہ تمباکو کی اشیاء بھی ضبط کی گئی ۔ ایڈیشنل ڈی سی پی ایس سرینواس کریم نگر سٹی پولیس ڈاکٹر پی اشوک سی آئیز دیوا ریڈی و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔