کریم نگر میں کل ہند مشاعرہ کا کامیاب انعقاد

   

Ferty9 Clinic

شعراء کے کلام سے سامعین محظوظ، انجمن ترقی اُردو کے مسائل کی یکسوئی کرنے جیون ریڈی کا تیقن

کریم نگر : انجمن ترقی اردو ضلع کریم نگر کے زیراہتمام کل ہند مشاعرہ بضمن جشن یوم آزادی بمقام ایس ایف ایس گارڈن صدر انجمن ترقی اردو سرور شاہ بیابانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس کی نگرانی سکریٹری انجمن محمد عبدالصمد نواب نے کی۔ جبکہ رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹی جیون ریڈی اور سکریٹری ؍ ڈائرکٹر اُردو اکیڈیمی تلنگانہ ڈاکٹر محمد غوث، صدر قاضی حافظ و قاری احمد منقبت شاہ خان نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ مشاعرہ کا آغاز حافظ سید مطہرالدین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جبکہ اظہار حسین اظہار نے نعت شریف پیش کی۔ کنوینر مشاعرہ سید شاکر الصمد اور اظہار حسین نے تمام مہمان خصوصی اور مہمان شعراء کو مدعو کیا۔ اس موقع پر مہمان شعراء کرام، وارث وارش دہلی، حامد بھساولی مہاراشٹرا، جلال میکش بھوپال مدھیہ پردیش اور صابر کاغذ نگری کے علاوہ مقامی شعراء شجیع الدین شجیع، لائق علی فیصل وارث، محمد سلیم امجد نے اپنا کلام پیش کیا اور سامعین نے زبردست داد تحسین سے نوازا۔ تمام شعراء نے سامعین کے دلوں کو جیت لیا۔ سامعین رات 2.30 بجے تک مشاعرہ میں شریک رہے۔ اس مشاعرہ میں سکریٹری انجمن عبدالصمد نواب نے انجمن ترقی اُردو کے اغراض و مقاصد کے علاوہ انجمن کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور ڈائرکٹر و سکریٹری اردو اکیڈیمی ڈاکٹر محمد غوث اور ایم ایل سی ٹی جیون ریڈی کو انجمن کی جانب سے ایک تحریری یادداشت پیش کی اور انجمن ترقی اردو کے لئے کمپیوٹر و انفراسٹرکچر کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ایم ایل سی جیون ریڈی اور ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی نے اس مطالبہ پر غور کرتے ہوئے یکسوئی کا تیقن دیا۔ ناظم مشاعرہ مہمین الدین راحیل ورنگل نے اپنے منفرد انداز میں مشاعرہ کی کارروائی چلائی۔ اس موقع پر انجمن ترقی اردو کی جانب سے مہمانان خصوصی کے علاوہ مہمان اعزازی مفتی علیم الدین نظامی، محمد خیرالدین، حمیدالدین، محمد فصیح الدین، نسیم الدین اور مرزا امجد اللہ بیگ اور تمام شعراء کرام کی شال پوشی و گلپوشی کی۔ اس مشاعرہ میں انجمن ترقی اردو کے ذمہ داران خازن مقبول حسین، جوائنٹ سکریٹری محمد سراج مسعود، محمد سعادت علی صدیقی، محمد عبداللہ اسلم، محمد موسیٰ خان، افضل پاشاہ اور دیگر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس مشاعرہ میں ارکان عاملہ سید افضل محی الدین، شیخ حبیب الرحمن، محمد علی خالد، عبدالمتین، ریاض الدین، شیخ عمران، عبدالمجید اشتیاق، محمد صدیق ایڈوکیٹ، صادق علی، ڈاکٹر فہیم الدین نے انتظامات کئے۔ جوائنٹ سکریٹری انجمن ترقی اُردو محمد سراج مسعود نے تمام مہمانوں کا مشاعرے کے کامیاب انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔