کریم نگر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر حکومت کو رپورٹ کی پشکشی

   

پرہجوم سیاسی اجلاس اہم وجہ، معائنوں میں اضافہ، ڈاکٹر جی سرینواس

حیدرآباد۔8اگسٹ(سیاست نیوز) کریم نگر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر کریم نگر روانہ کی گئی محکمہ صحت کی ٹیم نے مختلف مواضعات کا دورہ کرنے کے بعد صورتحال سے آگہی حاصل کی اور اپنی ابتدائی رپورٹ محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیدارو ںکو پیش کردی ہے ۔ذرائع کے مطابق ریاستی محکمہ صحت کو حاصل ہونے والی اس رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ ضلع کریم نگر میں سیاسی سرگرمیوں اور قائدین کے دوروں کے علاوہ اجلاسوں کے سبب کوروناو ائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے لیکن اس کے باوجود محکمہ صحت کے عہدیدارکچھ بھی کرنے سے قاصر ہیں۔بتایا جاتاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کریم نگر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے روانہ کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کریم نگر میں جاری سیاسی سرگرمیوں کے دوران کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کئے جانے اور پرہجوم سیاسی اجلاسوں کے سبب وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور محکمہ صحت نے ضلع کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یومیہ معائنوں کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے ہیں لیکن اس کے باوجود صورتحال میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی ہے۔ڈاکٹر جی سرینواس ڈائریکٹر محکمہ صحت نے ضلع کریم نگر میں یومیہ معائنوں کی تعداد کو 8تا9 ہزار کے درمیان کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی اور ان کے قرنطینہ کے اقدامات کئے جاسکیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے ضلع کریم نگر میں جاری سیاسی سرگرمیوں پر تحدیدات عائد کرنے کی سفارش پر غورکیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ عوامی زندگیوں کی حفاظت کے پیش نظر ریاستی حکومت سے اس بات کی سفارش کی جاسکتی ہے کہ ضلع کریم نگر میں سیاسی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے اقدامات کئے جائیں کیونکہ جس رفتار سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہ ریاست کے دوسرے اضلاع میں بھی کورونا وائرس کے پھیلنے کا سبب بن سکتا ہے۔