ضلع کلکٹر سے ملاقات، ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ
حیدرآباد6 اگست (سیاست نیوز) کریم نگر ضلع میں کورونا کیسوں میں اضافہ کے پیش نظر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اعلیٰ سطحی ٹیم روانہ کی تاکہ حکام سے مشاورت کے بعد کورونا پر قابو پانے اقدامات کئے جاسکیں۔ حضور آباد حلقہ میں ضمنی چناؤ کے پیش نظر حکومت نے متحدہ ضلع کریم نگر میں کورونا میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں میں کریم نگر میں کیوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ دیگر اضلاع کے مقابلہ کریم نگر میں کیسوں کی تعداد زیادہ ہے جبکہ گریٹر حیدرآباد سرفہرست ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے ضلع عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔ اسکے علاوہ ابتدائی علامات پر مریضوں کو کورنٹائن کی ہدایت دی جائے ۔ عہدیداروں نے کلکٹر اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ کی قیادت میں یہ ٹیم کریم نگر پہنچی۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ 8,000 ٹسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ضلع میں فیور سروے جاری رہے گا ۔ ایک شخص کے پازیٹیو ہونے پر اس سے ربط میں آئے 20 تا 25 افراد کے معائنے کئے جائیں گے۔ پرہجوم علاقوں میں عوام کے ٹسٹ کے لئے موبائیل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ حیدرآباد سے روانہ کردہ ٹیم نے جمی کنٹہ اور ماناکنڈور علاقوں کا دورہ کیا جہاں زیادہ کیس رونما ہوئے ہیں۔ ضلع کے سرکاری دواخانوں میں آکسیجن اور بستروں کی تعداد میں اضافہ کی ہدایت دی گئی ہے۔