بیرونی ریاستوں سے واپس ہونے والے افراد پر نظر ، میڈیکل ٹسٹ
حیدرآباد۔ کریم نگر ضلع میں اچانک کورونا کیسس میں اضافہ کے سبب حکام نے سخت اقدامات کے ذریعہ صورتحال پر قابو پانے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ کریم نگر جو حالیہ عرصہ تک کورونا کے کیسس میں دیگر اضلاع کے مقابلہ کافی پیچھے تھا وہاں اچانک گزشتہ ایک ہفتہ میں تازہ کیسس منظر عام پر آئے۔ 25 جون تک ضلع میں کیسس کی تعداد 85 تک پہنچ گئی جن میں سے 13 صرف ایک دن میں ریکارڈ کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ متاثرین میں ایک دیڑھ سالہ کمسن بچہ بھی شامل ہے۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر ڈاکٹر جی سجاتا نے کیسس میں اضافہ کیلئے عوام کی بداحتیاطی اور لاپرواہی کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح لوگ کسی بھی احتیاط کے بغیر بازاروں میں گھوم رہے ہیں اس سے کورونا دوسروں تک پھیل رہا ہے۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے بیشتر افراد نے احتیاطی تدابیر کو فراموش کردیا۔ محکمہ صحت کی ٹیموں نے بعض گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا یہ وہ گاؤں ہیں جہاں تازہ کیسس منظر عام پر آئے ہیں۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے اور گھروں میں صحت کی نگرانی کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چینائی سے واپس ہونے والے ایک شخص کے سبب یہ وائرس ایک گاؤں میں پھیلا۔ حضور آباد میں مہاراشٹرا کے بھیونڈی سے واپس ہونے والے ایک شخص میں پازیٹیو پایا گیا۔ دیگر ریاستوں سے واپس ہونے والوں اور ان سے ربط میں آنے والے افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے حکام نے کورونا پر قابو پانے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔
