کریم نگر میں گنیش وسرجن کیلئے وسیع انتظامات کئے جائیں

   

دفتر پنچایت میں اجلاس ، روٹ میاپ کا جائزہ ، عہدیداروں کو میونسپل کمشنر کی ہدایت

کریم نگر ۔3 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مناکنڈور کے ایم ایل اے کاوا پلی ستیہ نارائنا نے کہا کہ گنیش وسرجن تہوار کے لیے وسیع انتظامات کیے جانے چاہئے۔ میونسپل کمشنر پرافل دیسائی نے انجینئرنگ حکام، مناکنڈور ریونیو اور پنچایت عہدیداروں کے ساتھ، جمعہ کو ہونے والے گنیش وسرجن تہوار کی تیاریوں کے ایک حصے کے طور پر ماناکنڈور پنچایت دفتر میں ایک میٹنگ کی۔ میونسپل کمشنر پرافل دیسائی نے گنیش وسرجن کے لیے کیے جانے والے انتظامات، پوائنٹ پر فراہم کی جانے والی سہولیات، پولیس سیکورٹی اور دیگر مسائل کے بارے میں افسران کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور روٹ میپ کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے مناکنڈور جھیل وسرجن پوائنٹ کا دورہ کیا اور کئے جا رہے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو کئی تجاویز دیں اور احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر ایم ایل اے ستیہ نارائنا نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں کہ جمعہ کو ہونے والے گنیش وسرجن کے لیے آنے والے عقیدت مندوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پولیس مناسب انتظامات کرے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر میونسپل کارپوریشن کو صفائی ستھرائی کا کام انجام دینا چاہئے اور بڑی مورتیوں کے لئے کرین تیار کی جانی چاہئے۔ ضروری مرمت کے لیے ماہرین کو فوری طور پر دستیاب کرایا جائے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ تالاب میں کشتیوں اور تیراکوں کو تیار رکھا جائے۔ وسرجن کے علاقے میں ہائی ماسٹ لائٹنگ اور میٹھے پانی کی سہولیات فراہم کی جائیں، اور بجلی، فائربریگیڈ، پولیس، میونسپل حکام اور دیگر عملہ آپس میں مل کر کام کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وسرجن میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔دوسری طرف کمشنر پرفل دیسائی نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن گنیش وسرجن کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو پہلے ہی ہدایات دے دی گئی ہیں اور وسرجن کے لئے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے انجینئرنگ اینڈ سینی ٹیشن افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایسے اقدامات کریں تاکہ آنے والے عقیدت مندوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے حکم دیا کہ صفائی کا کام وقتاً فوقتاً کیا جائے اور ارد گرد کے علاقوں کو صاف رکھا جائے۔ اس پروگرام میں افسران اور عملہ نے شرکت کی۔