حیدرآباد۔/8مئی، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کریم نگر کے دورہ کے موقع پر ویملواڑہ کی راجا راجیشورا سوامی مندر میں خصوصی پوجا کی۔ تلنگانہ بی جے پی کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے وزیر اعظم کل رات حیدرآباد پہنچے اور راج بھون میں شب بسری کی۔ کریم نگر کے ویملواڑہ پہنچنے پر نریندر مودی نے مندر کا دورہ کیا۔ انہوں نے پنڈتوں کی جانب سے دیا گیا پرساد بصد احترام قبول کیا۔ انہوں نے مندر میں موجود یاتریوں کے استقبال کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔ وزیر اعظم کی مندر آمد کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ مندر میں خصوصی پوجا کے بعد نریندر مودی جلسہ گاہ کیلئے روانہ ہوئے۔ اسی دوران سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کے افراد خاندان نے کل رات راج بھون میں وزیر اعظم سے ملاقات کی اور نرسمہا راؤ کو بھارت رتن اعزاز دیئے جانے پر اظہار تشکر کیا۔ تقریباً 45 منٹ تک نریندر مودی نے نرسمہا راؤ کے افراد خاندان سے مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔ نرسمہا راؤ کے پوترے این وی سبھاش نے بتایا کہ وزیر اعظم سے ملاقات خاندان کیلئے ایک خوشگوار لمحہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ نرسمہا راؤ اور نریندر مودی میں کوئی فرق محسوس نہیں کرتے۔ میں انہیں اپنے دادا کی طرح سمجھتا ہوں۔1