کریم نگر کے ہونہار طالب علم محمد فیضان الدین کو آئی آئی ٹی دھنباد میں داخلہ

   

روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے 55 ہزار روپئے کی مالی امداد
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تعلیم کے ذریعہ ہی انسان کو اللہ تعالیٰ دولت عزت و شہرت سے نوازتا ہے اور معاشرہ میں تعلیم کے نتیجہ میں ہی کوئی فرد ایک ممتاز حیثیت حاصل کرپاتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ جس قوم نے اپنے نونہالوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا ۔ اس نے سرخروئی حاصل کی اور زمانہ میں ممتاز و معتبر مقام حاصل کیا ۔ قارئین آپ کو یاد دلادیں کہ ہماری ملت میں بھی ایسے ذہین و نونہال ہیں جو اپنی قابلیت کے ذریعہ ملک و ملت کا نام روشن کرسکتے ہیں ۔ لیکن انہیں رہنمائی کی ضرورت ہے اور ایسے خاندان بھی ہیں جن کے سایہ میں علم کے چراغ روشن ہیں لیکن اس روشنی سے معاشرہ کو منور کرنے میں ان کی حوصلہ افزائی اور مالی مدد کی بھی ضرورت ہوتی ہے ۔ بہر حال جہاں تک ذہین طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی اور ان کی مدد کا سوال ہے ۔ روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ اس نیک کام میں آگے آگے ہیں ۔ چنانچہ ان دو اداروں نے بے شمار ذہین طلبہ کی بھر پور مدد کی ۔ آج ہم آپ کو ضلع کریم نگر سے تعلق رکھنے والے ایک قابل طالب علم محمد فیضان الدین سے ملاقات کرواتے ہیں ۔ اس طالب علم کو آئی ٹی ٹی دھنباد (جھارکھنڈ ) میں داخلہ ملا ہے ۔ روزنامہ سیاست نے 20 ہزار روپئے اور فیض عام ٹرسٹ نے 35 ہزار روپئے کی رقم اس طالب علم کے حوالے کی ہے تاکہ فیس ادا کی جاسکے ۔ محمد فیضان الدین کو JEE اڈوانسڈ میں 2.5 لاکھ طلباء میں 3548 ( جنرل ) رینک حاصل ہوا ۔ جس کی بنیاد پر اس طالب علم کو آئی آئی ٹی دھنباد میں میاتھمٹکس اینڈ کمپیوٹنگ کے پانچ سالہ مربوط کورس میں داخلہ حاصل ہوا ۔ یہ کورس ایم ٹیک کے مساوی ہوتا ہے اور اہم بات یہ ہے کہ آئی آئی ٹیز کے فارغ التحصیل طلبہ کو عالمی سطح کی مشہور و معروف کمپنیوں میں پرکشش تنخواہوں و پیاکیجس کے ساتھ ملازمتیں ملتی ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ محمد فیضان الدین کے والد محمد فضل الدین کریم نگر میں ٹائپنگ اور کمپیوٹر کی کوچنگ دیتے ہیں اور والدہ انیس سلطانہ خاتون خانہ ہیں ۔ فیضان کے ایک بھائی مفخم جاہ انجینئرنگ کالج سے سیول انجینئرنگ کررہے ہیں ۔ اور وہ بی ای سال سوم میں زیر تعلیم ہیں ۔ فیضان کی بہن ایم بی اے کررہی ہے ۔ فیضان اور ان کے والد نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کی ۔ جس سے وہ کافی متاثر ہوئے ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے بھی ایک ہی ملاقات میں فیضان کی مالی مدد کا فیصلہ کیا اور پھر دست تعاون دراز کیا ۔ محمد فیضان الدین نے مپل روز ہائی اسکول سے ایس ایس سی کیا ۔ انہوں نے دسویں جماعت میں 9.8 جی پی حاصل کیا ۔ جب کہ ایم ایس کالج ملک پیٹ سے انٹر میڈیٹ میں 1000/973 نمبرات حاصل کر کے امتیازی کامیابی حاصل کی ۔ فیضان اور ان کے والدین کو خوشی ہے کہ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے ملت کے ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی اور مالی مدد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے فیضان کی جو مدد کی ہے وہ قابل تعریف ہے جس کے لیے وہ بارگاہ رب العزت میں دعاگو رہیں گے ۔۔