کرینہ کپور کے دوسرے بیٹے کا نام جہانگیر علی خان

   

نئی دہلی : بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے فروری میں دوسرے بیٹے کو جنم دیا تھا۔ یاد رہیکہ سیف علی خان ان کے شوہر ہیں اور دونوں کے پہلے بیٹے کا نام تیمور علی خان ہے۔ انڈیا ٹوڈے کو ایک حالیہ انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنے بیٹے جہانگیر علی خان کا بھی تذکر کیا جس کے نام پر لوگ کرینہ کپور کو ایک بار پھر مغل بادشاہ جہانگیر کا نام رکھنے پر تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس کے کافی چرچے ہیں جسے کرینہ کپور نے نفرت پھیلانے سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر انسانی فطرت کے دو پہلو ہوتے ہیں۔ مثبت اور منفی۔ آج لوگ یہ بھول رہے ہیں کہ کوویڈ نے ہمیں ایک ایسا سبق دیا ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ کوویڈ کی وجہ سے ہی ہم ایک دوسرے سے قریب آئے ہیں۔ یہ الگ بات ہیکہ کوویڈ سے مرنے والوں کی آخری رسومات سے خود ان کے رشتہ دار بھی خوف کے مارے دور رہے لیکن مصیبت کی اس گھڑی میں لوگوں نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ گذشتہ ہفتہ اپنی ایک کتاب ’’پریگنینسی بائبل‘‘ کی لانچنگ کے وقت انسٹاگرام پر ایک راست بات چیت کے دوران کرن جوہر کے پوچھے جانے پر کرینہ کپور نے اپنے دوسرے بیٹے کا نام جیہہ (جہانگیر) علی خان بتایا تھا جس سے ہندوتوا ذہنیت رکھنے والوں کو ایک بار پھر تکلیف ہوئی۔