نئی دہلی 26ستمبر(سیاست ڈاٹ کام )آئی این ایکس میڈیا معاملہ میں عدالتی تحویل میں تہاڑ جیل میں بند سابق مرکزی وزیرداخلہ پی چدمبرم نے کہاہے کہ معیشت میں کسادبازاری سے باہر نکلنے کاراستہ صرف سابق وزیراعظم منموہن سنگھ دکھاسکتے ہیں اور حکومت کو انکی بات ماننی چاہئے ۔ڈاکٹر سنگھ کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے مسٹر چدمبرم نے ٹوئیٹ کرکے یہ بات کہی ۔یہ ٹوئیٹ انکی طرف سے انکے گھر کے افرادنے کیاہے ۔انھوں نے کہا،‘‘ ڈاکٹر منموہن سنگھ کو سالگرہ کی مبارک باد ۔آپ 100سال اور اس سے زیادہ جیتے رہیں ‘‘۔سابق مرکزی وزیر نے ایک دیگر ٹوئیٹ میں کہا،‘‘ میری حکومت سے درخواست ہے کہ وہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی باتیں سنے ۔ملک کی معیشت میں جاری موجودہ کساد بازاری سے نکلنے کا اگرکوئی راستہ دکھاسکتاہے تو وہ صرف ڈاکٹر سنگھ ہیں ‘‘۔انھوں نے کہا،‘‘ حکومت کی بنیادی غلطی یہ ہے کہ وہ معیشت میں کساد بازاری پر اثر ڈالنے والے اصل عوامل کو نہیں سمجھ پائی ہے ۔مانگ میں کمی ہے ،روزگار ،تنخواہ اور متبادل کے تعلق سے مایوسی بڑھ رہی ہے ‘‘۔