حیدرآباد۔/9 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست میں دھان کے کسانوں سے حصول اور دیگر امور پر کابینی سب کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ حکومت کو سفارشات پیش کرے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے جی او آر ٹی 1353 مورخہ 8 اکٹوبر کے ذریعہ کابینی سب کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزیر آبپاشی این اتم کمار ریڈی، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو اور وزیر زراعت ٹی ناگیشورراؤ کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ کابینی سب کمیٹی کسانوں سے دھان کے حصول کے علاوہ گوداموں کو کرایہ پر حاصل کرنا، رائس ملرس کو بینک گیارنٹی، ملنگ چارجس اور دیگر امور پر سفارشات پیش کرے گی۔ کمشنر سیول سپلائیز کابینی سب کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔1