کسانوں سے وعدوں کی تکمیل کے بعد سالگرہ منائیں

   

کے سی آر کو جیون ریڈی کا مشورہ، متحدہ آندھراپردیش میں کسانوں کو رعایتیں
حیدرآباد ۔18۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس رکن کونسل جیون ریڈی نے کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے بعد سالگرہ کی خوشی منائیں تاکہ کسان بھی اس خوشی میں شامل ہوسکیں ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کی سالگرہ کو کسانوں سے موسوم کرنے کی کوشش کی گئی ، حالانکہ کسانوں سے کئے گئے وعدے جوں کے توں برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں امداد باہمی اداروں سے کسانوں کو قرض اور فصلوں پر حاصل کئے جانے والے قرض کے سود کی معافی کی گنجائش تھی لیکن تلنگانہ ریاست میں کے سی آر حکومت نے دونوں سہولتوں کو ختم کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹیو ادادروں سے حاصل کئے جانے والے قرض پر 6 فیصد سود حکومت برداشت کرتی تہی۔ اس کے علاوہ فصل کے لئے قرض پر چار فیصد سود حکومت ادا کرتی رہی۔ متحدہ آندھراپردیش کے ان فیصلوں پر تلنگانہ ریاست میں عمل آوری روک دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کسانوں سے ایک لاکھ روپئے تک کا قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن آج تک ایک بھی کسان کا قرض معاف نہیں ہوا ہے ۔ نظام آباد کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کامیابی کے 40 دن میں ہلدی بورڈ قائم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ وعدہ کی تکمیل میں ناکام رہے۔ آندھراپردیش میں فی کنٹل ہلدی 6850 روپئے میں حکومت خرید رہی ہے جبکہ تلنگانہ میں یہ قیمت 4 تا 5 ہزار روپئے ہے۔ کسانوں کو فی کنٹل دو ہزار روپئے کا نقصان ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ اور کسانوں کی بھلائی کے اقدامات کے بعد چیف منسٹر سالگرہ مناتے تو بہتر ہوتا ۔ متحدہ آندھراپردیش میں دی گئی سہولتوں کو جاری کرتے ہوئے چیف منسٹر کو اپنی سالگرہ منانا چاہئے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے وعدوں کی تکمیل کی صورت میں وہ خود چیف منسٹر کی سالگرہ خوشی میں شامل ہونے تیار ہیں۔