لکھنو مرکزی وزیر جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت نے آج الزام عائد کیا کہ کچھ لوگ کسانوں میںاقل ترین امدادی قیمت کے تعلق سے الجھن پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں اقل ترین امدادی قیمت میں دیڑھ گنا اضافہ کیا گیا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخاوت نے کہا کہ جن لوگوں نے ان قوانین کو سیاہ قرار دیا ہے اور جنہیں زراعت کا علم ہے انہیں آگے آکر یہ واضح کرنا چاہئے کہ ان میں کیا قباحت ہے ۔ جن سیاسی جماعتوں کو ملک کے عوام نے مسترد کردیا ہے اور جن کے پاس کوئی مسئلہ نہیں رہ گیا ہے وہ لوگ زرعی قوانین کو مسئلہ بنا رہے ہیں اور کسانوں میں الجھن پیدا کر رہے ہیں۔ ان ہی لوگوں نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف بھی الجھن پیدا کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ملک کو ہر شعبہ میں خود مکتفی بنانا چاہتی ہے اور اسی سمت میں کام کر رہی ہے ۔