نظام آباد میں کانگریس بھون میں صدرپردیش مہیش کمار گوڑ کی پریس کانفرنس
نظام آباد۔22 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر مہیش کمار گوڑنے آج کانگریس بھون میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نظام آباد ضلع میں کانگریس پارٹی کے سابق موقوف کو بحال کرنے کے لیے پارٹی کے لیے کام کرنے کی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے کاموں کو عوام تک پہنچانے کے لیے کام کرنے کی خواہش کی۔ مسٹر مہیش کمار گوڑ نے آج رکن اسمبلی بودھن پی سدرشن ریڈی ضلع کانگریس صدر مسٹر موہن ریڈی صدر نشین اُردو اکیڈمی مسٹر طاہر بن حمدان کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ نظام آباد ضلع میں کسانوں میں شعور بیدار کرنے کے مقصد سے ریاستی حکومت نے ماہرین، سائنسی ماہرین، مثالی کسانوں اور تجربہ کار ماہرین کے ساتھ تین دن پر مشتمل ’’رعیتو مہا اتسو ‘‘ کسان میلہ کا انعقاد عمل میں لایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کسان کو ’’بھگوان‘‘ مانتی ہے اور چاہتی ہے کہ کسان خوشحال رہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بی آر ایس حکومت کے دور میں کسانوں کے ساتھ جو سلوک ہوا وہ سب کو یاد ہے۔ کسان دھان کی ڈھیریوں پر انتظار کرتے رہے۔ پولیس نے کسانوں پر لاٹھی چارج اور ہتھکڑیاں لگائیں۔ بی آر ایس پارٹی نے مرکز میں مودی کی کسان مخالف قوانین کی حمایت میں ووٹ دیا۔ لیکن کانگریس پارٹی کا مقصد ہے کہ ہر غریب کو سستا چاول ملے۔ اسی لیے ہر شخص کو ماہانہ چھ کلو سستا چاول فراہم کر رہے ہیں۔دھان کی کاشت کرنے والے کسانوں کو فی کنٹل 500 روپے زائد بونس دے رہی ہے اس سے دھان کی پیداوار میں 25 لاکھ سے 40 لاکھ ٹن تک کی کاشت میں اضافہ ہوا ہے۔ ایسی فصل جو دوسرے کسی ریاست میں پیدا نہیں ہوئی، وہ ہمارے یہاں ہوئی ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار 2 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار ہوئی ہے جو حکومت کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے ممکن ہوا۔ نظام ساگر اور شری رام ساگر پروجیکٹس کی مٹی نکاسی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مسٹرمہیش کمار گوڑ نے کہا کہ چونکہ حکومت کو زراعت کی مکمل جانکاری ہے۔ اسی لیے رکن اسمبلی پی سدرشن ریڈی نے حکومت سے نمائندگی کی ہے تاکہ ضلع کو زرعی کالج، انجینئرنگ کالج دلایا جاسکے۔ ضلع میں کئی کھلاڑی تیار ہو رہے ہیں، اس لیے ہم یہاں منی اسٹیڈیم، سنتھیٹک ٹریک اور انڈور گیمز کے لیے انڈور اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے لیے نندی پیٹ میں سَیج (SEZ) کو آگے بڑھایا جائے گا۔ شوگر فیکٹری کی کشادگی کے لیے سدرشن ریڈی کی کوششیں جاری ہیں۔ سدرشن ریڈی عوامی خدمت سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ بی آر ایس حکومت صرف دکھاوے کی سیاست کرتی رہی انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت میں نہ کوئی فیکٹری قائم ہوئی اور نہ ہی ایک ایکڑ زمین کو اضافی پانی فراہم کیا گیا۔ صرف عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ دس سالوں میں نظام آباد کے لیے کیا کیا گیاہے رکن اسمبلی پرشانت ریڈی جواب دینے کا مطالبہ کیا ۔ضلع میں بی آر ایس صفایا ہو چکا ہے۔اس پروگرام میں ضلع کانگریس صدر و ریاستی کوآپریٹو یونین لمیٹڈ کے چیئرمین مانالا موہن ریڈی، ریاستی اُردو اکیڈمی چیئرمین طاہر بن حمدان، نوڈا چیرمین کشاوینو، ڈی سی سی بی چیئرمین رمیش ریڈی، پی سی سی ڈیلیگیٹ شیکھر گوڑ، سینئر کانگریس لیڈر رتناکر، ریاستی پرچار کمیٹی چیئرمین محمد جاوید اکرام، پی سی سی سابق جنرل سکریٹریز رام بھوپال کے علاوہ دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔