نارائن پیٹ : نارائن پیٹ ضلع کے نروا منڈل کے موضع لنکال میں سنجیو ساگر نامی کسان نے جب اپنے کھیت میں دیکھا کہ گاؤں کے آوارہ کتوں نے ہرن کا پیچھا کر کے اس کو کاٹ کھانے کی کوشش کررہے ہیں فوری اس نے حرکت میں آتے ہوئے ہرن کا پیچھا کر کے اس کو کتوں کے حملہ سے بچالیا ۔ تاہم تب تک کتوں نے ہرن کو بری طرح زخمی کردیا تھا ۔ سنجیو ساگر نے زخمی ہرن کو نروا پولیس اسٹیشن کو پہنچایا جہاں محکمہ حیوانات نے اس کا علاج کیا ۔ بعد ازاں اس زخمی ہرن کو محکمہ جنگلات کے حوالے کردیا گیا ۔ نروا ایس آئی پولیس مسٹر خواجہ مسیح الدین نے کسان سنجیو ساگر کی ستائش کی ۔ اس موقع پر پولیس کانسٹبل مسٹر راجیشور ریڈی ، مسٹر چندر شیکھر ، شیو اور راجو موجود تھے ۔ گذشتہ ماہ بھی اس طرح کے واقعہ میں کتوں نے ایک ہرن کو بری طرح زخمی کردیا تھا اور ضلع محبوب نگر کے ایک موضع میں کتوں نے چیتا کا پیچھا کر کے بری طرح زخمی کردیا تھا جس کو بعد میں گاؤں والوں نے محکمہ جنگلات کی مدد سے زخمی چیتا کو پکڑ کر محکمہ جنگلات کے حوالے کردیا ۔