بھوپال، یکم دسمبر (آئی اے این ایس) مدھیہ پردیش کے مختلف اضلاع سے آئے دو ہزار سے زائد کسانوں نے پیرکو خالص گھاٹ ٹول پلازا (دھار) پر دھرنا دے کر قومی شاہراہ52 کو کئی گھنٹے تک بند رکھا۔ کسان ایم ایس پی پر فصل خرید، قرض معافی اور معاوضے سمیت مختلف مطالبات پر بضد تھے۔دھار، کھڑگون، کھنڈوا اور بروانی کے کسان صبح سے مظاہرہ کررہے تھے۔ احتجاج کے باعث سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ موقع پر پولیس اور انتظامیہ نے مداخلت کی۔کسان رہنما رامیشور پٹی دار نے بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ میں چیف منسٹر موہن یادوکو متعدد خطوط بھیجے گئے، مگر کوئی جواب نہیں ملا۔ اب سڑک پر اترنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔احتجاج کے دوران کسانوں نے ہنومان چالیسہ بھی پڑھی اور نعرے لگائے۔ انتظامیہ نے دھرنا ختم کرنے کی درخواست کی، لیکن کسانوں نے تحریری یقین دہانی کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں پولیس کی درخواست پر ایک سڑک کھول دی گئی۔ایس پی دھار ماینک اوستھی کے مطابق ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوئی تھی، لیکن ایک لین کھلنے کے بعد صورتحال بہتر ہوگئی۔