کسانوں کا احتجاج۔اے پی سکریٹریٹ کے محاصرہ کی کوشش

   

حیدرآباد 22 دسمبر (یو این آئی) آندھراپردیش میں تین دارالحکومتوں کے قیام سے متعلق وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی تجویزکے خلاف دارالحکومت امراوتی کے کسانوں کا احتجاج جاری ہے ۔آج کسانوں نے سکریٹریٹ کے قریب احتجاج کیا۔کسانوں کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں طلبہ نے سکریٹریٹ کے محاصرہ کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں کچھ دیر کے لئے کشیدگی پھیل گئی۔اس موقع پر چوکس پولیس نے ان کو روک دیا جس پرطلبہ نے سڑک پر بیٹھ کر دھرنا دیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کسانوں نے کہا کہ ان کو ایک ہی دارالحکومت چاہئے جس کا وعدہ ریاستی اور مرکزی حکومتوں نے ان کی اراضیات نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے لیتے وقت کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ جب حکومت نے امراوتی کو دارالحکومت بنانے کا اعلان کیا تھا تو اس وقت کی اپوزیشن وائی ایس آرکانگریس پارٹی نے بھی اس کو قبول کیا تھا اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا تاہم اب وائی ایس آرکانگریس سیاسی فائدہ اٹھانے کے لئے تمام علاقہ میں اشتعال انگیزی کو ہوا دے رہی ہے ۔ کسانوں نے الزام لگایا کہ تین دارالحکومتوں کے اعلان کے ذریعہ وزیراعلی ریاست کو تقسیم کررہے ہیں۔ کسانوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے اس اعلان کو فوری طورپر واپس لے ۔