نئی دہلی : بالی ووڈ اسٹارس کنگنا رناوت اور تاپسی پنو کے درمیان کسانوں کے احتجاج کے مسئلہ پر ’’ٹوئٹر‘‘ پر لفظی جنگ پھر شروع ہوگئی ہے ۔ ملک کی کئی اہم شخصیتوں اور اسٹارس نے اپنے مداحوں سے کہا ہے کہ اس مسئلہ پر متحد رہیں اور حکومت کے فیصلہ کی حمایت کریں ۔ دونوں فلم اسٹارس میں اس پر اختلاف رائے پایا جاتا ہے ۔ کنگنا رناوت نے تاپسی پنو کو بی گریڈ شخصیت ،مفت خور اور احمق قرار دیا ہے اس پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تاپسی پنو نے کنگنا رناوت پر طنز کیا ہے کہ ان کے ڈی این اے میں زہرہے ۔ ملک میں کسانوں کے احتجاج پر پاپ اسٹار ریہانا کے ٹوئٹ پر ملک میں کئی اہم شخصیتوں نے اعتراض کیا ۔ سوشیل میڈیا پر اس مسئلہ پر شدید شور شرابا اور ہنگامہ ہوا جس پر تاپسی پنو نے بھی اپنا ردعمل ظاہر کیا تھا ۔ تاپسی پنو نے کہا کہ کسی کا ٹویٹ آپ کے وجود کو جھنجھوڑتا ہے ۔ کوئی لطیفہ آپ کے اعتقاد یا مذہبی عقیدت پر اثر انداز ہوتا ہے تو آپ کو اپنے اقدار کے نظام کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ دوسروں کیلئے ’’پروپگنڈہ ٹیچر‘‘ نہیں بننا چاہئیے ۔