نئی دہلی : مرکزی حکومت کے تین زرعی قوانین کے خلاف متحدہ کسان مورچہ کی تحریک میں شامل سوراج انڈیا کے صدر یوگیندر یادو نے پیر کو کہا کہ آج کے بھارت بند کو بیشتر ریاستوں کی طرف سے بے پناہ حمایت مل رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کسان جگہ جگہ پرامن احتجاج کر کے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اترپردیش ، پنجاب ، ہریانہ ، بہار ، کیرالا ، مغربی بنگال ، تلنگانہ ، راجستھان ، تملناڈو اور مہاراشٹر اسمیت کئی ریاستوں میں بھارت بند کامیاب رہا ۔ کسان مورچہ کی پرامن ’بھارت بند ‘ کی اپیل پر ملک کے مختلف علاقوں میں دھرنا منظم کیا گیا ۔مختلف ریاستوں کے کسان مورچہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ کسانوں نے اُترپردیش میں میرٹھ کے بھاٹی پورہ چوراہے پر پرامن طریقے سے چکہ جام کیا۔ ہریانہ کے بہادر گڑھ (ٹکری بارڈر) پر دھرنا دیا گیا اور سونی پت میں ریل ٹریفک متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مغربی بنگال میں بائیں بازو کی جماعتوں کے کارکنوں کی طرف سے سڑکوں اور ریل راستوں پر احتجاج اور دھرنے کی اطلاعات ہیں ، جس سے ٹریفک میں خلل پڑا ہے ۔ پنجاب کے دارالحکومت چنڈی گڑھ میں کسان ائیرپورٹ کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ پنجاب کے گرداسپور میں کئی مقامات پر ٹریفک میں خلل پڑنے کی اطلاعات ہیں۔ زرعی قوانین کو ایک بار پھر عوام دشمن قرار دیتے ہوئے یادو نے مرکزی حکومت سے ملک کے مفاد میں اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا ہے کہ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے کسانوں کا احتجاج جاری رہے گا۔