مودی حکومت کیخلاف 20 ریاستوں میں بیداری مہم
غازی پور : مودی حکومت کے خلاف کسانوں کا احتجاج شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ غازی پور سرحد پر احتجاج کررہے کسانوں نے کہا کہ 12 مارچ کو سیکل یاترا شروع کی جائے گی جس میں 8308 کیلو میٹر کا سفر پورا کیا جائے گا۔ اس سیکل مارچ کا مقصد عوام الناس کو مودی حکومت کے تین کالے زرعی قوانین کے بارے میں جانکاری لینا ہے۔ دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کے اس احتجاج کو اب تین مہینے مکمل ہورہے ہیں۔ ایسے میں اس تحریک کو ایک بار پھر نئی طاقت دینے کیلئے اور ملک بھر کے عوام کو ان قوانین کی خامیوں سے متعلق آگاہ کرنے کے مقصد سے سیکل ریالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ سیکل مارچ کنیا کماری سے کشمیر تک کیلئے نکالا جائے گا۔ 12 مارچ کو سیکل یاترا شروع ہوگی اور اس سیکل مارچ کا 20 ریاستوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ ان ریاستوں سے گذرتے ہوئے سیکل مارچ کے ذریعہ عوام کے اندر بیداری پیدا کی جائے گی۔ تقریباً 50 سے زائد کسانوں نے سیکل مارچ میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔