نئی دہلی : سنیکت کسان مورچہ نے پارلیمنٹ سرمائی اجلاس کے پہلے دن پارلیمنٹ تک ٹریکٹر ریلی کا اعلان کیا تھا ، لیکن اب اس کو لے کر ایس کے ایم کی طرف سے ایک بڑا فیصلہ لیا گیا ہے۔ سنیکت کسان مورچہ نے 29 نومبر کو ہونے والی ٹریکٹر ریلی کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کی جانکاری سنیکت کسان مورچہ کے لیڈر درشن پال سنگھ نے دی۔ کسان لیڈر درشن پال نے پریس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسان تنظیم آگے کی حکمت عملی کیلئے چار دسمبر کو میٹنگ کریں گے اور اس کے بعد آگے کے پروگرام طے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار نے ہم سے کہا ہے کہ 29 نومبر کو پارلیمنٹ میں زرعی قوانین پوری طرح سے رد ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھا ہے اور اس میں کسانوں کی کئی مانگوں کو اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے خط میں مانگ کی ہے کہ کسانوں کے خلاف جو بھی مقدمے درج کئے گئے ہیں ، انہیں واپس لیا جائے۔ کسانوں کو مناسب دام ملے اس کیلئے ایم ایس پی کی گارنٹی دی جائے۔ کسانآندولن کے دوران جو کسان شہید ہوئے ان کے کنبہ کو معاوضہ دیا جائے اور کسانوں کا بجلی بل بھی رد کیا جائے۔