نئی دہلی، 22 مئی (یو این آئی) نائب صدر جگدیپ دھنکر نے جمعرات کو زراعت کو کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) سے جوڑنے پر زور دیا اور کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کا راستہ کسانوں کے ذریعہ ہی ہے۔ آج گوا میں انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ – سینٹرل کوسٹل ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے کیمپس میں کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے دھنکر نے کہا کہ ہندوستانی معیشت کو ترقی دینے کی کوششوں میں کسانوں کی شراکت کو بڑھانا ضروری ہے۔ صنعتوں کو اپنے سی ایس آر فنڈز کو زراعت میں لگانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس فنڈ کو زرعی تحقیق میں استعمال کیا جائے اور کسانوں کو اس میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کی شراکت قائم کی جانی چاہیے ، تحقیق ہونی چاہیے اور ان کے سی ایس آر فنڈ کو دیہی ترقی کے اہم مسائل کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے، تب ہی بڑی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان بننے کا راستہ کسانوں کے کھیتوں اور گاؤں سے ہوتا ہے ۔