بھوپال، 12 اگست (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کسانوں کے کھاتوں میں فصل بیمہ کی رقم منتقل کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ کل دیر رات جاری کردہ ایک بیان میں ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ’پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا‘ کی رقم ملک بھر کے کسانوں کے کھاتوں میں بھیج دی گئی ہے ۔ جب کہ مدھیہ پردیش کے کسانوں کے کھاتوں میں تقریباً ایک ہزار 383 کروڑ روپے کی رقم بھیجی گئی ہے ۔ یہ تقریباً تین سال کی رقم ہے اور مختلف بیمہ کی ہے ، جس میں 2023-24 کی ربیع کی فصل، 2024 خریف فصل بیمہ کی رقم اور 2024-25 کی ربیع کی فصل کی بیمہ کی رقم شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملنے والی یہ رقم کسانوں کے لیے مالی طور پر بہت مددگار ثابت ہوگی۔ ابھی بارش کا موسم ہے اور اہم فصل کی آمد میں ابھی دو ماہ باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے وہ وزیر اعظم مودی اور وزیر زراعت شری چوہان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔