نئی دہلی : سابق وزیر داخلہ کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے مرکز پر تنقید کی کہ وہ احتجاجی کسانوں کو خالصتانی اور ماؤسٹ عناصر سے جوڑ رہی ہے ۔ اگر یہ لوگ ماؤسٹ اور خالصتانی ہیں تو حکومت ان سے بات چیت کیوں کررہی ہے ۔ مودی حکومت کے وزراء زرعی قوانین کیخلاف احتجاج کرنے والوں کو خالصتانی ، پاکستان اور چین کے ایجنٹ اور تکڑے تکڑے گینگ کے ارکان قرار دے رہے ہیں ۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ احتجاج کرنے والے ہزاروں افراد میں کوئی کسان نہیں ہے تو پھر حکومت ان سے بات چیت کیوں کررہی ہے ۔ اسی دوران مرکز کے ساتھ کسانوں کی بات چیت مسلسل تعطل کا شکار ہورہی ہے ۔ کسانوں کا احتجاج 18 ویں دن میں داخل ہوا ہے ۔ پرکاش جاویڈکر نے کہا کہ حکومت اب بھی ان سے بات چیت کرنا چاہتی ہے ۔ مسائل پر غور کرنے کیلئے حکومت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔