تلنگانہ ہائی کورٹ میںدرخواستوںکی سماعت
حیدرآباد: حالیہ بارش سیلاب سے فصلوں کو ہوئے بھاری نقصانات کیلئے کسانوںکو معاوضہ کی ادائیگی کے مسئلہ پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت کو نوٹس جاری کی ہے۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس وجئے سین ریڈی نے چیف سکریٹری ، پرنسپل سکریٹری ریونیو ہوم اور کمشنر زراعت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون تین ہفتے جواب دینے کی ہدایت دی ۔ عدالت نے فصلوں کو نقصانات کے سبب حکومت کی جانب سے معاوضہ کی ادائیگی پر موقف دریافت کیا ہے۔ وی کرن کمار اور دیگر دو متاثرین نے مفاد عامہ کے تحت درخواست دائر کی جس میں حکومت کی جانب سے معاوضہ کی عدم ادائیگی کی شکایت کی گئی۔ ستمبر اور اکتوبر میں کسانوں کو بھاری نقصانات ہوئے ہیں۔ درخواست گزار نے تمام متاثرہ کسانوں کو معاوضہ کی ادائیگی کیلئے حکومت کو ہدایت دینے کی اپیل کی۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت تین ہفتے بعد مقررکی گئی ہے۔