کسانوں کو نصیر الدین شاہ کی بھی تائید

   

خاموشی ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف، بالی ووڈ اداکار کا ردعمل
ممبئی : بالی ووڈ اداکار نصیر الدین شاہ نے بھی نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کے حق میں بیان دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف خاموشی اختیار کرنا بھی ظلم ہے ۔ عوام کی خاموشی ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے ۔ نصیر الدین شاہ کئی مسائل پر بیان دیتے ہوئے تنازعہ کا شکار رہتے ہیں ۔ وہ اپنی رائے دینے سے کبھی بھی گریز نہیں کرتے ۔ ایک انگریزی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے نصیر الدین شاہ نے کہا کہ مودی حکومت سے زیادہ کسان اپنے حقوق کے بارے میں جانتے ہیں ۔ کسان جو کچھ کررہے ہیں ان کی بات سننے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ساتھی بالی ووڈ اداکاروں کو اس ظلم پر خاموش رہنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بالی ووڈ اداکار اتنا کما چکے ہیں کہ نسلیں بیٹھ کر کھا سکتی ہیں ، پھر یہ اداکار سچ بولنے سے خوفزدہ کیوں ہیں ؟ نصیر الدین شاہ نے کہا کہ ظلم کا ساتھ دیا گیا تو آپ بھی دشمنوں کی فہرست میں شامل ہوں گے ۔ آخر میں آپ اپنے دشمنوں کے الفاظ کو نہیں بلکہ اپنے دوستوں کی خاموشی کو یاد رکھیں گے ۔ ہمارے کسان شدید سردی میں احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں ۔ ہم ان کے احتجاج کے حوالے سے اپنی آنکھیں بند نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کسانوں کا یہ احتجاج شدت اختیار کرے گا اور ہر کوئی اس میں حصہ لے گا ۔ واضح رہے کہ کسانوں کی تائید میں عالمی سطح پر کئی ہالی ووڈ اداکاروں نے بیان دئیے ہیں لیکن ہندوستان میں اکشئے کمار ، اجئے دیوگن اور کرکٹ سچن تنڈولکر نے ان عالمی اداکاروں کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے داخلی معاملے میں مداخلت قرار دیا ۔۔