وزیر کے ٹی آر کے بیان پر ایم پی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد۔13جولائی(سیاست نیوز) کے ٹی راما راؤ کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی کے بیان کو ثابت کرتے ہیں تو میں اپنی لوک سبھا کی رکنیت سے مستعفی ہونے کے لئے تیار ہوں۔ رکن پارلیمنٹ کانگریس مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کے بیان کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ برقی معاملہ میں ریاستی حکومت دروغ گوئی سے کام لے رہی ہے اور عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے فرزند اور وزیر بلدی نظم ونسق نے دعویٰ کیا تھا کہ ریاستی حکومت کسانوں کو مفت 24گھنٹے برقی سربراہ کر رہی ہے جبکہ انہوں نے خود برقی سب اسٹیشن پہنچ کر کسانوں کو سربراہ کی جانے والی برقی کی تفصیلات حاصل کیں جس پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ریاستی حکومت 8تا9 گھنٹے برقی کسانوں کو سربراہ کر رہی ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ریاستی وزیر جھوٹ بول رہے ہیں۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے برقی شعبہ کو تباہ کردیا گیا ہے اور اس شعبہ میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کو اب تک تنخواہوں کی اجرائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے جو کہ ملازمین کو مشکلات میں مبتلاء کرنے کے مترادف ہے۔ رکن پارلیمنٹ کانگریس نے ریاستی حکومت کی جانب سے برقی کے سلسلہ میں کئے جانے والے دعوؤں کو بے بنیاد اور حقیقت سے بعید قرار ردیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے گمراہ کن پروپگنڈہ کے ذریعہ اپوزیشن کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کے ٹی راما راؤ کے علاوہ دیگر ریاستی وزراء اور بی آر ایس کے قائدین کو برقی سربراہی لاگ بک کا مشاہدہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سب اسٹیشن میں موجود لاگ بک کا مشاہدہ کرلیں تو یہ بات ثابت ہوجائے گی کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 24گھنٹے برقی سربراہی عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے بلکہ 8تا9 گھنٹے برقی سربراہ کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت 24گھنٹے برقی سربراہی کو یقینی بنا رہی ہے۔ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اپنے چیالنج کو دہراتے ہوئے کہا کہ اگر ریاستی حکومت یہ ثابت کرتی ہے کہ کسانوں کے لئے 24 گھنٹے برقی سربراہی یقینی بنائی جا رہی ہے تو ایسی صورت میں وہ اپنی پارلیمنٹ کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں گے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں حکومت نے برقی شعبہ کو اس قدرتباہ کن حالت میں پہنچا دیا ہے کہ محکمہ برقی اپنے ملازمین کو وقت پر تنخواہ جاری کرنے کے موقف میں نہیں ہے اور محکمہ برقی میں خدمات انجام دینے والے ملازمین قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔م