زرعی قوانین کی حقیقت سب کسانوں کو معلوم ہوتی تو ایجی ٹیشن ملک گیر ہوتا۔ راہول گاندھی کا ویاناڈ میں خطاب
کال پیٹا (کیرالا) : کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے تین زرعی قوانین کے بارے میں مرکز کو بدستور نشانہ بناتے ہوئے آج دعویٰ کیا کہ زیادہ تر کسانوں کو ان قوانین کے مسودات کی تفصیلات معلوم نہیں ہے اور اگر ایسا ہوتا تو سارے ملک میں ایجی ٹیشن پھیل جاتا۔ متنازعہ مرکزی زرعی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں پر یہ تازہ ترین کاری ضرب پڑی ہے۔ دہلی میں کسانوں کی ٹریکٹر ریالی کے دوران پیش آئے تشدد کے ایک روزہ بعد راہول نے چہارشنبہ کو نریندر مودی حکومت سے اپیل کی تھی کہ اسے منسوخ کردیں جسے انہوں نے مخالف زراعت قوانین قرار دیا۔ اسمبلی انتخابات والی ریاست کیرالا کے اپنے دو روزہ دورہ کے دوسرے روز راہول جمعرات کو اپنے لوک سبھا حلقہ ویاناڈ کے کال پیٹا میں یو ڈی ایف کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر کسانوں کو زرعی بلوں کی تفصیلات معلوم ہی نہیں کیونکہ اگر انہیں جانکاری ہوتی تو ایجی ٹیشن ملک بھر میں ہورہا ہوتا۔ انہوں نے الزام بھی عائد کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت اپنے مرکزی ایجنسیوں سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو اپوزیشن پارٹی کی حکمرانی والی حکومتوں کے خلاف جارحانہ انداز میں استعمال کررہی ہے لیکن بائیں بازو زیراقتدار کیرالا پر اس طرح کا کوئی دباؤ نہیں ہے جہاں اسمبلی چناؤ کو محض چند ماہ باقی ہیں۔ اپوزیشن کی ہر پارٹی والی ریاست میں سی بی آئی اور ای ڈی کو بی جے پی شدت سے استعمال کررہی ہے۔ کیرالا میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ حکومت کیرالا پر اس طرح کا دباؤ نہیں ہے۔ سی بی آئی اور ای ڈی یہاں کے معاملوں پر بہت آرام سے کام کررہے ہیں۔ راہول نے کہا کہ آپ نیوز پیپر رپورٹس پڑھیں۔ کیا بی جے پی کانگریس کو زیادہ نشانہ بناتی ہے یا سی پی آئی (ایم) کو؟ کیا وزیراعظم کی طرف سے چیف منسٹر کیرالا کو نشانہ بنایا جاتا ہے یا وہ کانگریس پارٹی کے قائدین پر تنقیدیں کرتے ہیں۔ وہ ظاہر طور پر زعفرانی پارٹی کے اس رویہ کا حوالہ دے رہے تھے جو اس نے جنوبی ریاست میں لیفٹ فرنٹ کی تئیں اختیار کررکھا ہے۔ زرعی قوانین پر مرکز کو بدستور ہدف تنقید بناتے ہوئے راہول نے دعویٰ کیا کہ اس کا بنیادی مقصد ملک کے اگریکلچرل سسٹم کو تین یا چار بزنسمین کے ہاتھوں میں سونپ دینا ہے۔ 5 تا 10 اشخاص ہر ایک کسان کی فصل چرا رہے ہیں۔ وہ ہر ورکر کا کام چوری کررہے ہیں۔ منڈیوں میں کام کرنے والے ہر مزدور کو محروم کررہے ہیں اور منڈیوں سے گیہوں منتقل کرنے والے ہر ٹرک ڈرائیور کو بھی بیروزگار بنارہے ہیں اور اس پوری ڈکیتی کا اہتمام وزیراعظم ہند کی جانب سے کیا جارہا ہے۔ یہ نہ صرف کسانوں کے خلاف جرم ہے بلکہ ہندوستان کے خلاف بھی جرم ہے۔ راہول نے یہ بھی کہا کہ اگر کانگریس زیرقیادت یو ڈی ایف کو کیرالا میں اقتدار حاصل ہوتا ہے تو ان کے حلقہ ویاناڈ میں ایک میڈیکل کالج اور دیگر معرض التواء مطالبات حقیقت بنائے جائیں گے۔ موجودہ ریاستی حکومت اس تعلق سے سست روی میں مبتلا ہیں۔